مینگلور،7؍ستمبر (ایس او نیوز) مینگلور سے قریب 85 کلو میٹر دور سولیا کے آئورناڈو بیلارے میں پیش آئے ایک المناک حادثے میں پارلیکنجے سدھاکر (47 سال) نامی ایک شخص اس وقت جل کر خاکستر ہوگیا جب وہ اپنے گھر میں لگی آگ سے بے خبر گہری نیند سو رہا تھا۔
حادثہ سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آج صبح اس کی بیوی کسی کام سے گھر سے باہر گئی ہوئی تھی ۔ اس کی بیٹی اسکول چلی گئی تھی ۔ اس دوران شائد گھر میں جل رہے چراغ کی وجہ سے ایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی ۔ چونکہ سدھاکر سویا ہوا تھا اور بیمار بھی تھا اس لئے وہ آگ سے بچنے کے لئے باہر نکل نہیں پایا اور زندہ جل کر خاکستر ہوگیا ۔ پولیس اور فائر سروس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے مگر تب تک بہت دیر ہو چکی تھی ۔ پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے ، مزید تحقیقات جاری ہے۔